کچھی کینال کے سیلاب سے متاثرہ حصوں کی مرمت کیلئے 12 ارب روپے کی پی سی ایکنک کو ارسال

کوئٹہ(یواین اے) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی زیر صدارت کچھی کینال فیز ٹو پر پیش رفت اور سیلاب سے متاثرہ حصوں کی تعمیر و مرمت اور بحالی سے متعلق اعلی سطحی جائزہ اجلاس ہفتہ کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی عبدالصبور کاکڑ، سیکرٹری آبپاشی حافظ عبدالماجد، سیکرٹری زراعت سہیل الرحمن بلوچ، سیئنر پروجیکٹ کوآرڈنیٹر بلوچستان شہزاد جعفر اور متعلقہ حکام نے شرکت کی ، وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کچھی کینال فیز ٹو اور سیلاب سے متاثرہ حصوں کی تعمیر و مرمت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات بلوچستان کو ہدایت کی کہ اس ضمن میں پلاننگ کمیشن سے رابطہ کرکے دونوں منصوبوں کی پیش کردہ پی سی ون کی جلد از منظوری کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلی بلوچستان میر علی مردان ڈومکی نے کہا کہ کچھی کینال فیز ٹو پر عملی پیش رفت کے ساتھ ساتھ سیلاب سے متاثرہ حصوں کی تعمیر و مرمت کا کام جلد از جلد شروع کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کمانڈ ایریا کے متاثرہ علاقوں میں زرعی پیداوار دوبارہ ممکن ہو اور زراعت کے شعبے سے وابستہ خاندان معاشی بدحالی اور کسمپرسی سے بچ سکیں انہوں نے کہا کہ ایکنک اپنے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے واپڈا کو کچھی کینال کی مرمت کے لیے احکامات جاری کرے کینال کی مرمت کرکے جولائی 2022 کی پوزیشن پر بحال کیا جانا ضروری ہے جبکہ مستقبل میں ممکنا سیلابی صورتحال کو مدنظر رکھ کر وسیع المدتی منصوبہ بندی بھی کی جانی چاہیے تاکہ کچھی کینال کی مرمت کے بھاری اخراجات بارہا برداشت نہ کرنے پڑیں قبل ازیں محکمہ ترقیات و منصوبہ بندی محکمہ آبپاشی ، محکمہ زراعت بلوچستان کے حکام اور سئنیر پروجیکٹ کوآرڈینیٹر کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ سال 2022 کے سیلاب سے کچھی کینال میں پڑنے والے شگافوں کے باعث بلوچستان کو پانی کی ترسیل معطل ہوچکی ہے جس کی وجہ سے کچھی کینال کے 2017 میں مکمل کردہ کمانڈ ایریا کی اراضی پر کاشت متاثر ہوئی ہے کینال کے سیلاب سے متاثرہ حصوں کی مرمت کے لیے بارہ ارب روپے کا نظر ثانی شدہ پی سی پلاننگ کمیشن اور ایکنک کو بھیجا گیا ہے کینال کی فوری فعالیت و بحالی کے لئے چھ ارب روپے درکار ہیں جبکہ فیز ٹو پر پیش رفت کے لئے بھی پی سی ون کے مطابق فنڈز کا اجرا ضروری ہے تاکہ بلوچستان کے ان ہم منصوبوں پر بلا تاخیر کام شروع کیا جاسکے ، نگراں وزیر اعلی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے محکمہ ترقیات و منصوبہ بندی بلوچستان کو کچھی کینال پر پیش رفت کا مستقل جائزہ لینے اور پلاننگ کمیشن سے رابطہ کرکے منصوبوں کو فوری قابل عمل بنانے کی ہدایات کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں