کیچ کے علاقے ہوشاب میں بلوچ نسل کشی کیخلاف احتجاجی ریلی، خواتین اور بچوں کی شرکت
تربت (انتخاب نیوز) کیچ کے علاقے ہوشاب میں بلوچ عوام پر وحشیانہ جبر کے خلاف اور بلوچ نسل کشی کے خلاف بی وائی سی کی جاری تحریک کی حمایت میں ایک بہت بڑی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، بلوچستان میں ریاستی ظلم کے خاتمے کا مطالبہ کیا اور پانچویں مرحلے میں داخل ہونے والی جاری تحریک کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔ یہ بلوچ نسل کشی کے خلاف جاری لانگ مارچ کی حمایت کے لیے بلوچستان کے ہر قصبے اور علاقے میں بلوچ عوام کی ریلیوں اور اجتماعات کے سلسلے کا حصہ ہے۔ ریاست کے سیکورٹی اداروں کی غیر قانونی حراست میں لاپتہ افراد کی بحفاظت بازیابی اور نام نہاد جعلی مقابلوں میں بلوچ نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف بلوچستان بھر میں عوام سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ بلوچ قوم فورسز کے ہاتھوں بلوچ عوام پر وحشیانہ جبر کے خلاف مضبوطی سے کھڑی ہے اور بلوچ نسل کشی کے خلاف متحد ہے۔ لانگ مارچ کے شرکاءکل کوئٹہ پہنچیں گے، جہاں بلوچ قوم کی جانب سے ان کا استقبال کیا جائے گا۔


