موجودہ دور میں بھی پیپلز پارٹی کی بلاول بھٹوکی رہنمائی میں مزدور دوست پالیسیاں جاری ہیں، صادق عمرانی

ڈیرہ مراد جمالی (آن لائن) صوبائی وزیر ایریگیش و پاکستان و پیپلز پارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی پالیسی کے مطابق مزدوروں کو باعزت روزگار، مناسب اجرت، سماجی تحفظ اور بہتر کام کے حالات فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو نے اپنے ادوار میں مزدوروں کو ان کے بنیادی حقوق دلانے کے لیے تاریخی اقدامات کیے، جن میں لیبر قوانین میں اصلاحات اور ٹریڈ یونینز کو مضبوط بنانا شامل ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں بھی پیپلز پارٹی کی قیادت، خصوصا بلاول بھٹو زرداری کی رہنمائی میں مزدور دوست پالیسیاں جاری ہیں، جن کا مقصد محنت کش طبقے کو معاشی طور پر مستحکم بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت مزدوروں کی فلاح کے لیے مزید اقدامات کرے گی، جن میں کم از کم اجرت پر عملدرآمد، سوشل سکیورٹی کی فراہمی اور صنعتی اداروں میں مزدوروں کے حقوق کا تحفظ شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ یومِ مزدور ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ ملک کی ترقی میں محنت کش طبقے کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اور ان کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں۔ انہوں نے مزدوروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی اور انہیں قومی دھارے میں شامل رکھنے کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزدوروں سے اپیل کی کہ وہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی محنت جاری رکھیں، جبکہ حکومت ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے