آواران،بیلہ جھائو روڈ ٹھیکیدار کی من مانی اور شدید غفلت، گزشتہ3 سال سے کام ادھورا، عوام سخت اذیت کا شکار

آواران(عبدالوحید ) رپورٹ کے مطابق بیلہ جھائو روڈ کی تعمیر و مرمت کا کام گزشتہ تین سال گزر جانے کے باوجود مکمل نہ ہو سکا، جس کی وجہ سے علاقے کے رہائشی، تاجر اور مسافر شدید مشکلات اور اذیت کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں۔ ٹھیکیدار کی عدم توجہی، من مانی اور کام کی انتہائی سست روی نے سڑک کو تعمیری شاہراہ کے بجائے عذاب بنا دیا ہے۔ تین سال کا طویل عرصہ گزرنے کے باوجود سڑک کا ایک بڑا حصہ اب بھی ناتمام ہے۔ کام کی رفتار اس قدر سست ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر برائے نام کام نظر آتا ہے۔ سڑک پر پڑنے والے گہرے کھڈے اور ہر وقت اڑتی دھول نہ صرف حادثات کا سبب بن رہی ہے بلکہ علاقہ مکینوں کے لیے سانس اور گلے کی بیماریوں کا موجب بھی بن چکی ہے۔ خراب سڑک کی وجہ سے گاڑیوں کا شدید نقصان ہو رہا ہے، جبکہ ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں اور خاص طور پر حوامل خواتین کو ہسپتال منتقل کرنا انتہائی دشوار ہو چکا ہے۔ علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام اور اعلیٰ حکام کی خاموشی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ من مانی کرنے والے غیر ذمہ دار ٹھیکیدار کے خلاف فوری قانونی اور انتظامی کارروائی کی جائے۔ سڑک کی تعمیر کے لیے اضافی مشینری اور عملہ تعینات کر کے کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ تعمیراتی کام کی معیاری اور بروقت تکمیل کی نگرانی کے لیے ایک باقاعدہ ٹیم تشکیل دی جائے۔مقامی شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر جلد از جلد سڑک کی تعمیر کا کام تیز نہ کیا گیا تو وہ سخت احتجاج اور شاہراہ کو بلاک کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ انتظامیہ اور ٹھیکیدار پر عائد ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے