دولت کے بل بوتے پر ایوان میں نہیں پہنچا، عوامی توقعات پر پورا اتروں گا، ہدایت الرحمن

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان میں اسمبلی کے 12ویں تعارفی اجلاس میں شرکت کے موقع پر مولانا ہدایت الرحمن نے میڈیا نمائندوں کے سوالوں کے جواب میں کہاکہ ماہی گیری سے ایوان تک کا سفر طویل اور مشکلات سے بھرپور رہا۔ اپنی جدوجہد کے دوران قید و بند اور تکلیفیں دیکھیں۔ میں دولت کے بل بوتے پر ایوان میں نہیں پہنچا۔ عوام نے اعتماد کیا ہے تو اب ہم پر بھی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ مولانا ہدایت الرحمن نے کہاکہ میں آج اپنے دوست کی گاڑی میں ایوان تک آیا ہوں کیونکہ میرا تعلق ایک متوسط طبقے سے ہے اور میں گاڑی نہیں خرید سکتا۔ ’پیدل چلنے والوں کی مشکلات حل کرنے کے لیے میدان میں آیا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ میں ایک عام آدمی ہوں اور پیدل چلنے والوں کی مشکلات حل کرنے کے لیے ایوان میں آیا ہوں۔ غریب عوام نے ہم سے توقعات لگا رکھی ہیں، کوشش کریں گے کہ ان کی توقعات پر پورا اتریں۔ مولانا ہدایت الرحمن مزید کہاکہ اس وقت اپوزیشن اور حکومتی جماعتوں سے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے تاہم کون سے بینچز پر ایوان میں بیٹھوں گا اس کا فیصلہ جلد کرلوں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں