شدید سردی میں گیس کی بندش، سریاب روڈ کے مکینوں نے احتجاجاً شاہراہ بند کردی

کوئٹہ (آن لائن) سریاب روڈ کو علاقہ مکینوں نے گیس کی بندش کے خلاف بلاک کرکے شدید احتجاج کیا جس سے ہر قسم کی ٹریفک معطل ہوگئی اور سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔ صوبائی دارالحکومت گزشتہ ایک ہفتے سے بارشوں اور برفباری کے بعد یخ بستہ ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہونے سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی اور سوئی سدرن گیس کمپنی حکام کی جانب سے گیس پریشر میں کمی اور بندش روز کا معمول بن چکی ہے جس کے خلاف شہری ، خواتین ، بچے اور بوڑھے آئے روز سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہیں سریاب موسیٰ کالونی ، کلی کمالو، کلی محمد شہی، کلی چلتن اور ملحقہ علاقوں میں شدید سردی کے دوران گیس کی بندش کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور خواتین کو امور خانہ داری میں منگل کو سریاب اور ملحقہ علاقوں کے مکینوں نے مجبور ہوکر موسیٰ کالونی کے قریب سریاب روڈ کو بلاک کرکے شدید احتجاج کیا اور سوئی سدرن گیس کمپنی حکام اور انتظامیہ کے خلاف نعرہ بازی کی اور مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور ارباب اختیار شدید سردی کے دوران گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بناکر عوام کو شدید سردی میں اس مشکل سے چھٹکارا دلائے۔ روڈ بند ہونے کی وجہ سے سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں جس سے ٹرانسپورٹروں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کئی گھنٹوں تک روڈ بلاک رہنے کے بعد انتظامیہ کی یقین دہانی پر شاہراہ ٹریفک کی آمدو رفت کے لئے کھول دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں