بلوچستان مسلسل عوامی تحریکوںکے ذریعے جنگی ہولناکیوں کا شکار ہے، بی ایس او

کوئٹہ (آن لائن )بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے چیئرمین جیئند بلوچ نے کہا ہے کہ ہماری منتخب ہونے والے عہدیدار نوجوانوں کو تعلیمی فروغ اور سرگرمیوں کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے آگے بڑھیں گے تاکہ طلباءیونین کی بحالی ، علمی شعوری و سیاسی فضاءکے قیام کے لئے باہمی اتفاق سے پالیسیاں ترتیب دی جاسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ان کا کہنا تھا کہ تنظیم کے انتخابات کا عمل مکمل کیا گیا ہے جس کے باعث میں چیئرمین اور دیگر عہدیداروں کا انتخاب بلا مقابلہ عمل میں لایا گیا ہے نتائج کے مطابق چیئرمین جینئدبلوچ، سینئر وائس چیئرمین شیر باز بلوچ، جونیئر وائس چیئرمین نصیر بلوچ ، سیکرٹری جنرل حبیب بلوچ، سینئر جوائنٹ سیکرٹری آصف نور بلوچ، جونیئر جوائنٹ سیکرٹری سدھیربلوچ اور سیکرٹری اطلاعات سہیل بلوچ بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔جبکہ مرکزی کمیٹی 8 کونسلران نے درخواستیں جمع کرائی تھی جس کے تحت وحید انجم ، عثمان بلوچ، رخسار بلوچ، سراج بلوچ ، ظہور بلوچ ، ندیم بلوچ، فرید بلوچ اور بلال بلوچ بھی بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن نوجوانوں کو اکیڈمک تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے ساتھ قومی و انقلابی شعور عطاءکرنے کا 1967 سے جتن کرتی آرہی ہے گوکہ آج دنیا بھر کی طرح بلوچ سماج میں بھی غیر یقینی کی کیفیت پائی جاتی ہے بلکہ محکومی کی طویل تاریخ نے سماج کو بری طرح تاراج کردیا ہے نوجوان اجتماعی کاز سے کنارہ کش ہوکر انفرادیت پسندی کے رجحانات کے شکار ہوچکے ہیں مگر اس سب کے باوجود تنظیم کے نوجوان تنظیم کی اٹھائی ہوئی تحریک کو لیکر گامزن ہیں تاوقت کہ فتح کی منزل تک پہنچا نہ جائے۔ تنظیم نے ہمیشہ نوجوانوں کو تعلیم کے فروغ اور ان کی فکری و سیاسی تربیت کے حوالے سے اپنا کردار ادا کیا ہے اور کرتی رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سامراجی قوتیں محکوم دنیا پر قبضہ گیریت کیلئے محکوم اقوام کی سرزمین پر ایک دوسرے کے خلاف طاقت استعمال کررہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان مسلسل عوامی تحریکوںکے ذریعے ان جنگی ہولناکیوں کے خلاف اپنے غم و غصہ کا اظہار کررہا ہے اور ان اقوام کے لئے موت کا پیغام لانے والی قوتوں کے خلاف باعزت برابر پر امن اور مزاحمت کا پروگرام لئے ہوئے بر سر پیکار ہے ان کا کہنا تھا کہ منتخب ہونے والی کابینہ مسائل کے حل کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے آگے بڑھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں