سینیٹ کی 6خالی نشستوں پر پولنگ جاری، 2اپریل کو 48نئے سینیٹرز کا انتخاب ہو گا

اسلام آباد(انتخاب نیوز)سندھ، بلوچستان اور وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے ایوان بالا سینیٹ کی خالی نشستوں پر پولنگ کا آغاز ہو گیا، واضح رہے کہ سینیٹ کی خالی نشستوں کی تعداد6ہے۔تمام خالی نشستوں پر تیاریاں مکمل کر لی گئیں، تفصیلات کے مطابق بلوچستان سے سینیٹ کی 3، سندھ سے 2اور اسلام آباد سے ایک نشست پر ضمنی انتخاب ہو گا۔ووٹ دیتے وقت پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل یا کیمرہ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی، پولنگ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔واضح رہے کہ سینیٹ کی ان 6 خالی نشستوں پر انتخابات کے لیے یوسف رضا گیلانی سمیت 21 امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے، یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ الیکشن لڑنے اور اسلام آباد سے اپنی نشست دوبارہ حاصل کرنے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، یہ سیٹ 8 فروری کے عام انتخابات میں رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے ان کی کامیابی کے بعد خالی ہوگئی تھی۔یوسف رضا گیلانی کا مقابلہ سنی اتحاد کونسل (ایس آئی سی) کے چوہدری الیاس مہربان سے ہوگا۔یہ نشستیں آئین کے آرٹیکل 223 کے تحت خالی ہوئی ہیں جو واضح طور پر دوہری رکنیت پر پابندی عائد کرتا ہے، آرٹیکل کی ذیلی دفعہ 4 کے تحت اگر پارلیمنٹ یا صوبائی اسمبلی کے دونوں ایوانوں کا کوئی رکن دوسری نشست کے لیے امیدوار بنتا ہے (جسے وہ اپنی پہلی نشست کے ساتھ برقرار نہیں رکھ سکتا) تو کسی دوسرے ایوان کی نشست کے لیے انتخاب جیتنے کے ساتھ ہی اس کی پہلی نشست خالی ہو جاتی ہے۔سرفراز بگٹی نے گزشتہ برس اگست میں نگران وزیر داخلہ کے طور پر حلف اٹھایا تھا، تاہم وہ دسمبر میں صوبائی اسمبلی کی نشست پر الیکشن لڑنے کے لیے مستعفی ہو گئے تھے۔بلوچستان سے سینیٹ کی 3 خالی نشستوں پر الیکشن لڑنے کے لیے مختلف جماعتوں کے 12 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔کاغذات جمع کرانے والوں میں پیپلز پارٹی کے سابق وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو اور بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے کہودہ بابر شامل ہیں۔دیگر امیدواروں میں مبین احمد خلجی (بی اے پی)، سردار زادہ میر حربیار ڈومکی (پیپلزپارٹی)، میر دوستین ڈومکی (مسلم لیگ ن)، شکیل احمد درانی (پیپلزپارٹی)، طارق مسوری، کاشف عزیز، سید محمود شاہ (جمعیت علمائے اسلام-ف)، عبدالشکور خان، دانش حسین لانگو اور محمد خان شامل ہیں۔آج 6 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے بعد الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق 2 اپریل کو 48 نئے سینیٹرز کا انتخاب کیا جائے گا جن میں سے ہر صوبے سے 11 سینیٹرز (جنرل اور ٹینوکریٹس کی نشتوں کے لیے) ہوں گے، اسلام آباد سے 2 اور پنجاب اور سندھ سے 2 اقلیتی اراکین ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں