امدادی کارکنوں پرحملہ قابل مذمت، اسرائیل عالمی قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہے،ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تجارت کے لیے جی ایس پی پلس اہم ستون ہے، اگلے ہفتے امریکی فارن ریلیشن کمیٹی کے پاکستان پر اجلاس سےآگاہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 11مارچ کو بھارت کے میزائل تجربے کا نوٹس لیا ہے، بھارت نے پاکستان کو اس تجربے پر معاہدے کے تحت پہلے آگاہ کیا تھا، تاہم یہ آگاہی معاہدے کے مطابق تین روز قبل نہیں دی گئی، معاہدے کے مطابق آگاہی دے جانی چاہئے تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے یورپی یونین سے اہم اور وسیع تعلقات ہیں۔ پاک افغان صورتحال پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے، دونوں ممالک کے درمیان رابطے کے بہت سے چینلز موجود ہیں، افغانستان کے ساتھ دہشتگردی سمیت دیگر ایشوز پر بات چیت ہوتی رہتی ہے۔ممتاز زہرہ بلوچ نے اسرائیل فلسطین جنگ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں فلسطین کی صورتحال پر بات کی تھی، پاکستان نے فلسطین کے ایشو پر او آئی سی میں متحرک کردار ادا کیا ہے، فلسطینی عوام کا قتل عام بند ہونا چاہیے۔ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ غزہ میں امدادی کارکنوں پرحملہ قابل مذمت ہے، رفح میں خوراک کی تقسیم کے دوران اسرائیلی حملوں کی پاکستان بھرپور مذمت کرتا ہے، اسرائیل عالمی قانونین کی خلاف ورزی کررہا ہے، اسرائیل سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کررہا ہے۔


