پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں کو دوبارہ گنتی کے ذریعے ہرانے کی کوشش کی جارہی ہے، بیرسٹر گوہر
راولپنڈی (انتخاب نیوز) تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے الزام عائد کیا ہے کہ سازش کے تحت پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں کو دوبارہ گنتی کے ذریعے ہرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ قانون کے مطابق جن سیٹوں کا نتیجہ اور نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن جاری کرچکا ہو اس پر دوبارہ گنتی نہیں ہو سکتی، جیت کو شکست میں تبدیل کرنا غیر آئینی اور غیر قانونی ہوگا۔ بیرسٹر گوہر خان نے پشاور ہائیکورٹ کا مخصوص نشستیں سنی اتحاد کونسل کو نہ دینے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے 4 وکلاءکی ہائیکورٹ کے حکم پر ملاقات ہوئی ہے، بانی پی ٹی آئی کی طبیعت ٹھیک ہے، کے پی سے سینیٹ الیکشن کے بارے میں مشاورت کی، آج کل میں امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیں گے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کے پی حکومت میں کمیٹی بنائیں گے جس میں شیر افضل مروت بھی شل ہوں گے، جن لوگوں سے زیادتی ہوئی ان کا کیسے مداوا کریں گے، کمیٹی بتائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 23 مارچ کو پی ٹی آئی جلسہ منعقد کرے گی۔


