گیس کی قیمت میں اضافہ، صارفین پر 79 ارب 63 کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا

کراچی (انتخاب نیوز) سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس اسی جی سی) نے یکم جولائی 2024ءسے گیس کی قیمتوں میں 324 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کے لیے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو درخواست بھیجی ہے جس سے صارفین پر 79 ارب 63 کروڑ کا بوجھ پڑے گا۔ ایس ایس جی سی نے اوگرا سے نئی اوسط قیمت 1740.80 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی درخواست کی ہے۔ گیس کمپنی نے آئندہ مالی سال کے لیے درخواست میں مجموعی طور پر 79 ارب 63 کروڑ روپے کے ریونیو شارٹ فال کا تخمینہ لگایا ہے، جس کے تحت مقامی گیس کی مد میں 56 ارب 69 کروڑ روپے جبکہ آر ایل این جی کی مد میں 22 ارب 93 کروڑ 50 لاکھ روپے کے رینویو شارٹ فال کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ دوسری جانب اوگرا سوئی سدرن کی درخواست پر کل کراچی میں اور 20 مارچ کو کوئٹہ میں سماعت کرے گا۔ اوگرا کی جانب سے سماعت کے بعد فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوایا جائے گا اور وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد اوگرا گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔ واضح رہے کہ رواں مالی سال کے دوران اب تک گیس کی قیمتوں میں 2 بار اضافہ کیا جاچکا ہے۔ یکم نومبر 2023ءسے گیس ٹیرف میں تقریباً 200 فیصد تک اور یکم فروری 2024 سے گھریلو صارفین کے لیے گیس67 فیصد تک مزید مہنگی کی گئی ہے۔ رواں مالی سال گیس کی قیمتوں میں اضافے کا گیس صارفین پر تقریباً 643 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالا جاچکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں