لاہور پولیس کی کارروائی، گردہ نکالنے والے گروہ کا رکن گرفتار
لاہور (آن لائن) گلشن اقبال پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جوس پلا کر اغواءکرکے اسلام آباد لے جا کر گردے نکالنے والے گروہ کے رکن کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایچ او گلشن اقبال سید قمر عباس و پولیس ٹیم نے انسانی گردے فروخت کرنے والے گینگ کے رکن کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزم ندیم اپنے ساتھی شعیب کیساتھ ملکر لوگوں کو اغواءکر کے اسلام آباد لے جاتے تھے۔ ملزمان مختلف علاقوں میں موجود غریب اور نادار لوگوں کو پیسوں کا لالچ دے کر بھی گردے نکلواتے تھے۔ متاثرہ شخص سلیم مزدوری کرتا تھا۔ ملزمان نے گھر میں رنگ کرنے کے بہانے ساتھ لیجانے کیلئے گاڑی میں بٹھایا اور جوس پلا کر بیہوش کیا۔ ملزمان لوگوں کو اپنے پاس بلاتے پھر اغواءکر کے اسلام آباد ڈاکٹر ظفر نامی شخص کے پاس لے جاتے۔ ڈاکٹر ظفر گردے نکال کرملزمان کو رقم کی ادائیگی کرتا تھا۔ ملزمان ایک گردے کے عوض ساڑھے 04 لاکھ روپے کہہ کر متاثرہ شخص کو 50/60 ہزار روپے دیتے تھے۔ وہ متاثرہ شخص سلیم کو اغواءکرکے گردہ نکال کر رفوچکر ہو گئے۔ متاثرہ شخص نے پولیس سے رابطہ کیا جس پرملزم ندیم کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس ٹیم ملزم کے دوسرے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے کوشاں ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔


