وفاقی وزیر داخلہ کو خط، تحریک انصاف رہنما کی جانب سے پارٹی کے اکاﺅنٹس کی تحقیقات کا مطالبہ

اسلام آباد(انتخاب نیوز)وزیرداخلہ محسن نقوی کو لکھے گئے خط میں پی ٹی آئی کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے کہا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کو 20 ماہ ہوچکے ہیں تاہم عمل درآمدا نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ نشاندہی کے باوجود پی ٹی آئی کے غیر ملکی بینک اکاﺅنٹس سے متعلق تاحال کوئی قانونی کارروائی نہیں ہوئی، غیر قانونی غیر ملکی خفیہ بینک اکاﺅنٹس کا ملک دشمن کارروائیوں میں استعمال ہونا خارج از امکان نہیں۔اکبر ایس بابر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی غیر قانونی غیر ملکی فنڈنگ ثابت ہونے کے باوجود اس قومی سلامتی کے معاملہ پر مفصل اور بھرپور قانونی کارروائی سامنے نہیں آئی جو پریشان کن بات ہے۔ فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے اگست 2022 کے فیصلے کے تمام پہلوﺅں پر مکمل عمل درآمد کروایا جائے۔پی ٹی آئی کے سابق رہنما نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کا بیرونی ممالک میں بینک اکاﺅنٹس کھولنا اور خفیہ رکھنا جرم ہے۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے خفیہ اکاﺅنٹس کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں