پنجاب کابینہ کا اجلاس، 4480ارب روپے کا بجٹ منظور
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا دوسرااجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزرائ، چیف سیکرٹری ، آئی جی پنجاب اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق منعقدہ اجلاس میں 2023-24کے 4ہزار 480ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری اور سیکرٹری فنانس نے وزیرِ اعلیٰ کو بجٹ دستاویز پیش کیں جس پر مریم نواز نے دستخط کر دیے۔صوبائی کابینہ نے پنجاب سیلز ٹیکس سروس ایکٹ میں ترامیم کی منظوری بھی دی، صوبائی کابینہ نے ضمنی بجٹ 24-2023 کی منظوری دی اور جولائی تا اکتوبر، نومبر تا فروری اور مارچ 2024 کے بجٹ کی توثیق بھی کی۔کابینہ نے صوبے کے ترقیاتی بجٹ کیلئے 655 ارب اور سماجی تحفظ اقدامات کا تخمینہ بجٹ 20 ارب روپے منظور کر لیا، صحت کیلئے 473 ارب، تعلیم کیلئے 596 ارب اور تعمیرات کیلئے 382 ارب کا بجٹ منظور کیا گیا ہے جبکہ رمضان پیکیج کے لئے 30ارب روپے کا بجٹ منظور ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب میں مفت کتابوں کی فراہمی کے لئے 11 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے لئے 12.5 ارب، پی کے ایل آئی انڈوومنٹ فنڈ کے لئے 10ارب اور حفظان صحت کے توسیعی پروگرام کے لئے 11.4 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔اسی طرح گندم کے قرضہ کی ادائیگی کے لئے 264 ارب ، بجٹ میں زراعت پر سبسڈی کے لئے 25.6 ارب رکھنے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے خصوصی اقدامات کیلئے بھی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگلے سال مستند ڈیٹا کے ساتھ بہتر رمضان پیکیج لائیں گے، صوبہ بھر میں 35 لاکھ سے زائد گھرانوں کو رمضان پیکیج کی ترسیل مکمل ہو چکی ہے، ایک ہفتے تک رمضان پیکیج کی ترسیل کا عمل مکمل کر لیا جائے گا، پیاز اور دیگر اشیائکی قیمتیں تیزی سے نیچے آ رہی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پرائس کنٹرول میں بہتری کی وجہ سے اشیائ کے بے مثال حد تک نرخ نیچے آ رہے ہیں، چیف سیکرٹری، ان کی ٹیم اور ضلعی انتظامیہ رمضان میں بہتر اقدامات پر شاباش کی مستحق ہے، پوری ٹیم نے رمضان پیکیج اور پرائس کنٹرول کیلئے توقعات سے بڑھ کر کام کیا۔اس موقع پر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویڑن کے مطابق رمضان نگہبان پیکیج تاریخی اقدام ہے، رمضان پیکیج کی کامیابی کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے۔


