آئی ایم ایف سے اقتصادی جائزہ مذاکرات کامیاب ، پاکستان کو 1ارب 10کروڑ روپے ملیں گے
اسلام آباد (انتخاب نیوز)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے جائزہ مشن کے درمیان اقتصادی جائزہ مذاکرات کامیاب ہو گئے، آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ سٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا ہے جس سے پاکستا ن کو 1ارب 10کروڑ روپے ملیں گے، تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کا معاہدہ ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے مشروط ہے۔اعلامیے کے مطابق پاکستان کو ایک اعشاریہ ایک ارب ڈالر کی قسط ملتے ہی 3 ارب ڈالر کا سٹینڈ بائی ارینجمنٹ ختم ہو جائے گا۔آئی ایم ایف کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزارت خزانہ کی جانب سے آئی ایم ایف اہداف پر بروقت عمل کیا گیا، پاکستان نے ادارہ جاتی اصلاحات اور ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے اقدامات کیے۔اعلامیہ میں آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کے معاشی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان اور نگران حکومت کی جانب سے حالیہ مہینوں میں آئی ایم ایف شرائط پر سختی سے عمل درآمد کیا گیا جبکہ نئی حکومت نے بھی پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کے لیے ان پالیسیوں کے تسلسل کو جاری رکھنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پہلے جائزے کے بعد کے مہینوں میں پاکستان کی معاشی اور مالی حالت بہتر ہوئی، بااعتماد پالیسی مینجمنٹ کی پشت پر ترقی اور اعتماد کی بحالی جاری ہے۔


