صدر مملکت نے سپریم کورٹ کے سابق جج مظاہر نقوی کی برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا
اسلام آباد (انتخاب نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے مظاہر نقوی کو برطرف کرنے کی منظوری دے دی۔ وزارت قانون نے سپریم کورٹ کے سابق جج مظاہر نقوی کی برطرفی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل نے مظاہر نقوی کو جوڈیشل مِس کنڈکٹ کا مرتکب قرار دیا تھا۔ مظاہر نقوی کے بطور جج مستعفی ہونےکا نوٹیفکیشن بھی واپس لے لیا گیا۔ خیال رہے کہ رواں ماہ سپریم جوڈیشل کونسل نےمظاہر نقوی کو برطرف کرنےکی سفارش کر تے ہوئے اپنی رائے منظوری کے لیے صدر مملکت کو بھجوائی تھی۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ سپریم جوڈیشل کونسل نے مظاہر نقوی کے خلاف 9 شکایات کا جائزہ لیا، ان شکایات کا جائزہ آئین کےآرٹیکل 206 کی شق (6) کے تحت لیا گیا، مظاہر نقوی ان شکایات میں مس کنڈکٹ کے مرتکب پائے گئے جس کے باعث انہیں جج کے عہدے سے ہٹا دینا چاہیے تھا۔


