گوادر حملے میں جاں بحق 2سیکورٹی اہلکار فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک

راولپنڈی (انتخاب نیوز)20مارچ کو گوادر میں شہید ہونے والے سپاہی بہار خان اور عمران علی کو ان کے آبائی علاقوں میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق35سالہ سپاہی بہار خان اور28سالہ عمران علی گوادر پورٹ اتھارٹی کالونی میں حملے میں جاںبحق ہوئے تھے۔ فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں سپردِ خاک کیا گیا۔سپاہی بہار خان کو ڈیرہ غازی خان جبکہ سپاہی عمران علی کو خیر پور میں سپردِ خاک کیا گیا۔ نمازِ جنازہ میں عزیز و اقارب، فوج کے جوانوں اور علاقے کے عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کا مزید کہنا ہے کہ ہمارے بہادر بیٹوں کی یہ قربانیاں دشموں کے خلاف لڑنے کے ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ مادرِ وطن سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں