ڈسکوز اور آئی پی پیز کے مختلف منصوبوں کی نجکاری کیلئے امور طے پا گئے
اسلام آباد(آن لائن ) ڈسکوز اور آئی پی پیز کے مختلف منصوبوں کی نجکاری کیلئے وفاقی وزراءکی ملاقات میں امور طے پا گئے ، وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان اور وزیر توانائی اویس احمد لغاری کی باہمی ملاقات اور فیصلے کرلئے گئے ۔ وفاقی وزیر برائے پاور اینڈ ورکس اویس احمد خان لغاری کے مابین ڈسکوز اور آئی پی پیز کے مختلف منصوبوں کی نجکاری کے حوالے سے غور و خوض کیا گیا۔ پرائیویٹائزیشن کے لائحہ عمل اور نجکاری کی کاروائی کو تیز کرناطے پایا۔ وزارت توانائی کے منصوبوں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کے کام کی رفتار بھی تیز کی جائے گی۔ دونوں وفاقی وزراءعبدالعلیم خان اور اویس احمد خان لغاری نے متعلقہ محکموں کو نجکاری کے عمل کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایات دیں جبکہ وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے اپنے محکمے کی طرف سے اس ضمن میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ ملاقات میں طے پایا کہ ڈسکوز اور آئی پی پیز کے مختلف منصوبوں کی نجکاری کیلئے جلد اجلاس بلایا جائے گا تاکہ اس سلسلے میں کام کی رفتار کا جائزہ لیا جا سکے اور اس عمل کو جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔


