افضل مروت نے ذاتی گارڈ کو تھپڑ رسید کر دیا، وڈیو وائرل ہو گئی
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت کی ایک وڈیو وائرل ہو گئی جس میں انہیں ایک شخص کو تھپڑ مارتے ہوئے دیکھا گیا، تفصیلات کے مطابق سماجی پلیٹ فارم ایکس پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شیر افضل مروت کارکنوں کے ہجوم کے درمیان پھنس گئے ہیں اور پھر وہ ایک شخص کو تھپڑ رسید کرتے نظر آرہے ہیں۔ویڈیو میں شیر افضل مروت غصے میں نظر آرہے ہیں، کارکنوں کی بھیڑ میں آگے بڑھتے ہی پیچھے مڑ کر ایک شخص کو تھپڑ رسید کردیتے ہیں۔تھپڑ مارنے کے واقعے پر نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے وضاحت دی کہ ویڈیو میں نظر آنے والا شخص ان کا ’ذاتی گارڈ‘ ہے اور انہوں نے گارڈ کو اس لیے تھپڑ مارا کیونکہ وہ پارٹی کارکنوں کو دھکا دے رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ناخوشگوار واقعات کے پیش نظر میرا گارڈ مجھے گاڑی میں بیٹھنے کو کہہ رہا تھا، وہ کارکنوں کو دور دھکیل رہے تھے اور انہیں میرے قریب آنے سے روک رہے تھے، میں نے گارڈ کو منع کیا کہ مجھے دھکا مت دیں۔


