چھ ججوں کے خط کا معاملہ اب چیف جسٹس کی صوابدید ہے، وفاقی وزیر اطلاعات
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ کمیٹی بنائی جائے جو کوڈ آف کنڈکٹ طے کرے اور سوشل میڈیا پر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کو سخت سزا دی جائے۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پابندی ہم نے نہیں لگائی اسے برقرار ضرور رکھا، پابندی اصولی طور پر نہیں ہونی چاہیے۔ وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں اسکینر ہونے کے باوجود خطوط اسکین کیوں نہیں کیے گئے؟ اسلام آباد پولیس، سی ٹی ڈی اور وزارت داخلہ ججوں کو ملنے والے مشکوک خطوط کی تحقیقات کررہی ہیں، خطوط سے جو مواد ملا ہے اس کا فارنزک کرایا جائےگا۔ ان کا کہنا تھا کہ 6 ججوں کے خط کا معاملہ اب چیف جسٹس کی صوابدید ہے، اگر وفاقی حکومت کوکوئی کردار ادا کرنے کو کہا جائےگا تو ضرور ادا کریں گے، اب 29 اپریل تک انتظار کرنا ہی بہتر ہوگا۔


