کراچی میں ڈکیتی میں ملوث 3 ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاک
کراچی (انتخاب نیوز) نیو کراچی کے علاقے بلال کالونی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر نوجوان کے قتل کا مرکزی ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔ ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان علی بلوچ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 24 مارچ کو نیوکراچی بلال کالونی میں فوم کی دکان پر لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر ملزمان نے نوجوان عبدالرحمان کو قتل کردیا تھا۔ ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے بتایا ملزمان کی گرفتاری کیلئے ایس ایس پی سینٹرل کی سربراہی میں ٹیمیں بنائی گئی تھیں اور آج صبح نیو کراچی سیکٹر فائیو ایچ میں پولیس مقابلے میں ملزم افضل حسین ہلاک ہوا جبکہ اس کے ساتھی کو زخمی حالت میں پولیس نے گرفتار کیا۔ انہوں نے بتایا پولیس مقابلے میں زخمی ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ ہلاک ملزم ہی عبدالرحمان کے قتل میں ملوث تھا اور ان ملزمان نے ہی فوم کی دکان پر لوٹ مار کی تھی، نوجوان عبدالرحمان نے ملزمان پکڑنے کی کوشش کی، مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کی جس سے عبدالرحمان جاں بحق ہوا۔ علاوہ ازیں کراچی کے علاقے بفرزون میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان شہری سے لوٹ مار کے بعد فرار ہو رہے تھے، پولیس مقابلہ کے بی آر سوسائٹی میں قبرستان کے قریب ہوا۔ ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ کے مطابق ملزمان سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔ ڈی آئی جی ویسٹ کا کہنا ہےکہ ملزمان کی شناخت فیصل اور ناصر کے نام سے ہوئی ،ملزم ناصر پر مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔


