پاکستان کے بیشتر علاقوں میں 10 سے 15 اپریل آندھی اور طوفان کیساتھ بارش کی پیشگوئی

کوئٹہ(یو این اے )محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق 10 تا 15 اپریل 2024 تک ملک کے بیشتر علاقوں میں آندھی، طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ متوقع ہے۔پیشگوئی کے مطابق بلوچستان میں 12 تا 14 اپریل جبکہ خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور پنجاب میں 10 تا 15 اپریل اور سندھ میں 13 تا 14 اپریل کے دوران تیز ہواﺅں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔13 تا 15 اپریل کے دوران موسلادھار بارش کے باعث مقامی ندی نالوں دیر، سوات، چترال، کوہستان، مانسہرہ اور دریائے قابل سے ملحقہ علاقوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ موسم کے ممکنہ شدید سلسلے کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کر دی ہیں اور تمام پی ڈی ایم ایز اور دیگر انتظامی اداروں کو کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔کہا گیا ہے کہ کاشتکار حضرات اپنی فصلوں خصوصا گندم کی کٹائی کے علاقوں میں موسم کو مد نظر رکھتے ہوئے معمولات تشکیل دیں اور سیاح حضرات پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ سفر ضروری ہو تو موسمی صورتحال سے آگاہی رکھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں