پاکستان کا پارلیمانی نظام جمہوریت ذوالفقار علی بھٹو کا مرہون منت ہے، سرفراز بگٹی
لاڑکانہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شہید جمہوریت ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ملک میں پارلیمانی نظام جمہوریت شہید ذوالفقار علی بھٹو کا مرہون منت ہے شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایک ایسا آئین دیا جو ہر شہری کے بنیادی انسانی حقوق کا ضامن ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، شہید بھٹو پاکستان کے واحد لیڈر تھے، جن پر پوری امت مسلمہ کو آج بھی فخر ہے شہید نے اپنے دور حکومت میں امت مسلمہ کی وحدت اور یگانگت کے ٹھوس موقف کو بھرپور فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آج ان کے بنیادی فلسفہ جمہوریت پر عمل کرتے ہوئے عوامی خدمت کو اپنا منشور بنایا ہے، شہید ملت کے فلسفہ جمہوریت پر مکمل عملدرآمد سے ہی ہم عوام کی بہتر خدمت کرسکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریہ عوامی خدمت کو اپنائے کیونکہ ایک آزاد جمہوری معاشرہ ہی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے۔


