بلوچ وائس فار جسٹس نے سہیل اور فصیح بلوچ کی بازیابی کیلئے 21اپریل کو ایکس پر مہم چلانے کا اعلان کردیا

کوئٹہ(انتخاب نیوز)بلوچ وائس فار جسٹس کی جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یکم نومبر 2021 کو بلوچستان یونیورسٹی سے جبری طور پر لاپتہ کئے گئے طلباءسہیل بلوچ اور فصیح بلوچ کی بحفاظت بازیابی کے لئے ایکس پر 21 اپریل 2024 کو شام 7 بجے سے 12 بجے تک مہم چلائی جائے گی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یکم نومبر 2021 کو بلوچستان یونیورسٹی کے اندر سے سہیل اور فصیح کو جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا گیا، ان کی گمشدگی کے خلاف طلباءتنظیموں نے طویل احتجاج کیا اور تعلیمی اداروں میں کلاسز سے بائیکاٹ بھی کیا گیا اس دوران سابق صوبائی حکومت اور اپوزیشن پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی گئی تھی، جنھوں نے طلباءسے مزاکرات کئے اور انہیں یقین دلائی کہ کچھ دنوں میں دونوں طلباءکو بازیاب کیا جائے گا لیکن وہ تاحال بازیاب نہیں ہوسکے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سہیل و فصیح کے جبری گمشدگی کے خلاف 21 اپریل کو ایکس پر آن لائن کمپین چلائی جائے گی لہذا تمام سیاسی و سماجی شخصیات، طلباء، صحافیوں، وکلاء، انسانی حقوق اور سوشل میڈیا کے کارکنوں سے گزارش ہے کہ مہم میں حصہ لے کر سہیل بلوچ اور فصیح بلوچ کی بازیابی کے لئے آواز بلند کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں