چاغی میں سیلابی ریلے میں مکان بہہ جانے سے خاتون دلبرداشتہ ہوکر چل بسی

چاغی (یو این اے) چاغی میں گھر کی تباہی کو دیکھ کر دلبرداشتہ خاتون چل بسی۔ گزشتہ روز تحصیل چاگئے شے سالار میں مشرف نامی شخص کے گھر کا پانی بہا کر لے گیا، گھر کے کمرے منہدم اور تمام جمع پونجی بہہ جانے کے بعد مشرف کی 28 سالہ اہلیہ مسمات لال بی بی دلبرداشتہ ہوکر بے ہوش ہوگئی جسے بے ہوشی کی حالت میں پرنس فہد اسپتال لایا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہوسکی۔ یاد رہے گزشتہ روز طوفانی بارش نے چاغی کے متعدد ہنستے بستے گھروں کو مکمل طور پر تباہ کرکے رکھ دیا، جس کی وجہ سے لوگ شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں، لوگوں کے مال مویشی، مکان سمیت ضروری سامان تباہ ہوگیا۔ متاثرین کا مطالبہ ہے کہ حکومت متاثرہ علاقوں کو فوری طور پر ریلیف فراہم کرے، لوگ شدید پریشانی سے دوچار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں