کلبھوشن یادیو:بھارت نے پاکستان کی قونصلررسائی کی پیشکش قبول کرلی

اسلام آباد: بھارت نے پاکستان کی کلبھوشن یادیو تک دوسری قونصلررسائی کی پیشکش قبول کرلی ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو آج قونصلررسائی دی جائےگی۔ بھارتی ناظم الاموردفتر خارجہ پہنچ گئے۔ بھارتی ناظم الامور کی کلبھوشن یادیو سے ملاقات کچھ دیرمیں کرائی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن کے ناظم الامور اور دیگر اعلیٰ حکام دفتر خارجہ میں موجود ہیں۔ کلبھوشن کو قونصلر رسائی فراہم کرنے سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
کلبھوشن سےنظر ثانی پٹیشن کے کاغذات پر دستخط لیے جانے کا امکان۔ بھارتی ہائی کمیشن کے حکام دفتر خارجہ حکام سے ملاقات میں مصروف ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو نے اپنی سزا کیخلاف نظرثانی اپیل دائر کرنے سے انکار کردیا ہے۔
کلبھوشن یادیو پاکستان کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث رہا اور بھارتی ایجنٹ نے تخریب کاری کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا۔
پاکستان نے 17 جون2020 کو کمانڈر یادیو کو کہا تھا کہ سزا کیخلاف نظر ثانی اپیل دائر کرے تو اسے قانونی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
بھارتی جاسوس نے اپنا قانونی حق استعمال کرتے ہوئے اپنی سزا کیخلاف نظر ثانی کی اپیل دائر کرنے سے انکار کردیا ہے۔ بھارتی جاسوس نے اپنی زیر التوا رحم کی اپیل پر فیصلے کا انتظار کرنے کوترجیح دی ہے۔
پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے3 مارچ2016 کو بلوچستان سے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو گرفتار کیا تھا۔
جرم ثابت ہونے پر 10 اپریل 2017 کوبھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنائی گئی تھی۔
بھارت نے عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرکے کلبھوشن یادیو کی سزا پر عمل درآمد روکنے اوراس کی رہائی کامطالبہ کیا تھا۔
عالمی عدالت انصاف نے بھارت کی جانب سے کلبھوشن یادیو کی واپسی، رہائی اور فوجی عدالت کا فیصلہ ختم کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی اور پاکستان کو کلبھوشن یادیو کی سزائے موت پر نظر ثانی کرنے کا کہا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں