کرپشن اور کمیشن کے شوق میں مبتلا صوبائی حکومت کا سیلاب کی تباہ کاریوں سے سروکار نہیں، رحیم زیارتوال

ہرنائی (این این آئی) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال نے کہا ہے کہ فارم نمبر 47 کی بے ساکھیوں پر رشوت، کرپشن اور پرسنٹ کے شوق میں مگن تشکیل شدہ صوبائی حکومت کا سیلاب آمد اسکے نقصانات اور تباہ کاریوں سے کوئی سروکار نہیں۔ گذشتہ ایک ہفتہ سے ہرنائی کا رابطہ پورے ملک سے کٹ چکا ہے بجلی نہیں ہے اور موبائل نیٹ ورک کام نہیں کر رہے۔ 2022 کے سیلاب کی تباہ کاریوں اور اُس سے پہلے زلزلہ سے متاثرہ ضلع ہرنائی ویرانے کا منظر پیش کر رہا ہے۔ ہرنائی کا اِس وقت سارے ملک کے ساتھ رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ خوراک اور غذائی مواد کی سخت قلت پیدا ہوگئی ہے۔ 2022 کے سیلاب سے جو زرعی زمین بچ گئی تھی وہ حالیہ سیلاب میں بہہ گئی ہے، زردالو سے سپین تنگی تک تمام زرعی زمین اور بازار سیلاب کے زد میں ہیں لیکن کئی سے شنوائی نہیں ہورہی۔ فریاد سننے اور خبر لینے کا نہ کوئی ادارہ اور نہ حکومت ہے۔ بے بسی اور مایوسی کی اس صورتحال میں بین الاقوامی اداروں سے استدعا کرتا ہوں کہ وہ ہرنائی اور اس کے عوام کی مدد کے لئے آگے آئیں۔ صوبائی پی ڈی ایم اے ہرنائی جیسے سخت متاثرہ ضلع میں عوام کی مدد کے لئے نہیں بلکہ انہیں مزید بربادیوں سے دوچار کرنے کے لئے ہے اور ماضی میں بھی متاثرہ ضلع ہرنائی کی مدد کی بجائے سامان سنجاوی بھیجتے رہے اور اس وقت بھی کوئی امداد کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں