ٹیکس کیسز میں دانستہ التواء کا نوٹس ، وزیر اعظم نے تمام متعلقہ افسران معطل کر دیے

اسلام آباد( این این آئی) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ٹیکس کیسز میں دانستہ التوا ءکا نوٹس لیتے ہوئے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو اسلام آباد اور ان کے ساتھ متعلقہ تمام افسران کومعطل کر کے انکوائری کا حکم دے دیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ایف بی آر اصلاحات کے جلد اور فوری نفاذ کی ہدایات جاری کرتے ہوئے ذاتی طور پر اس عمل کی نگرانی کا فیصلہ کیا تھا۔ٹیکس ٹربیونلز میں اس وقت حکومت کے سینکڑوں ارب روپے کے کیسز زیر سماعت ہیں۔وزیر اعظم نے چیف جسٹس آف پاکستان سے ان کیسسز کے جلد نمٹائے جانے کی درخواست کی تھی۔حال ہی میں اسلام آباد میں ایف بی آر کے وکیل کی جانب سے عدالت میں ایسے ہی ایک کیس کی تاریخ میں تاخیر کی استدعا پر وزیر اعظم شہباز شریف نے نوٹس لیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے نے متعلقہ حکام کو فوری طور پر واقعے کی انکوائری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قومی خزانے کا سینکڑوں ارب قانونی تنازعات کا شکار ہے،اس حوالے سے کسی بھی قسم کی لاپرواہی اور کوتاہی قبول نہیں کروں گا۔اپنی عوام سے کئے گئے عہد کے تحت ٹیکس نظام میں اصلاحات کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔ملک و قوم کی ایک ایک پائی بچانے اور محصولات میں اضافے کیلئے دن رات محنت کرنا ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں