سندھ ، پنجاب کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، وزیر اعظم

کراچی (آئی این پی )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت سب سے بڑا مسئلہ معاشی استحکام کا ہے، اس کیلئے وفاق اور صوبوں کو قریبی تعلق بنانا پڑے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلی سندھ اور صوبائی کابینہ کیساتھ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج میں کراچی حاضر ہوا ہوں، پچھلے کچھ ماہ سے یہاں آنے کا پروگرام بنتا رہا اور تبدیل ہوتا رہا ، میں شاہ صاحب کا مشکور ہوں جنہوں نے میرا گرم جوشی سے استقبال کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ 8فروری کے الیکشن میں پیپلزپارٹی کو اللہ نے سندھ میں اور پنجاب میں مسلم لیگ ن کو خدمت کا موقع دیا، ہمیں مل کرپہلے سے زیادہ تعاون اور تعلق کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا وزیراعلی مراد علی شاہ کے ساتھ بھائیوں والا تعلق بن گیا ہے، سندھ، پنجاب کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، دوسرے صوبوں کی ترقی بھی ملک و عوام کی ترقی ہے، ہمیں ایسے فیصلے کرنے پڑیں گے جو اپنے لیے شاید پسند نہ ہوں۔ شہبازشریف نے کہا کہ ایرانی صدر تشریف لائے، آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں ایسے اور بھی وفد آئیں گے، سرمایہ کاری کیلئے اور بھی وفد پاکستان کا رخ کریں گے، ایک دوسرے کا ساتھ دیں گے تو خوشحالی و ترقی کی گاڑی آگے بڑھے گی۔ ان کاکہنا تھا کہ ترقی و خوشحالی کیلئے مل کر کام کریں گے اوراس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ بعد ازاں وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ میں اپنی طرف سے سندھ کی طرف سے آپ کو وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دیتا ہوں، جب ہم نے2022 میں شروع کیا تو تب ہمارے پاس بس 15،16مہینے تھے اب ہمیں سفر کو آگے بڑھانا ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ اس وقت سندھ کی نمائندگی بہت زیادہ ہے کابینہ میں، سندھ کے لوگ امید کرتے ہیں کہ سندھ اور وفاقی حکومت ان کی امیدیں پوری کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں