جواب جمع نہ کرانے پر الیکشن ٹریبونل کا سرفراز چاکر ڈومکی پر ایک لاکھ روپے جرمانہ

کوئٹہ (یو این اے) الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس روزی خان بڑیچ نے پی بی 8 سبی سے امیدوار میر اصغر خان مری کی جانب سے دائر مقدمہ میں ٹریبونل میں جواب جمع نہ کرانے پر سردار سرفراز چاکر ڈومکی پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔ ذرائع کے مطابق میر اصغرخان مری نے الیکشن ٹریبونل میں درخواست دائر کی تھی جس میں اسی حلقے سے سردار سرفراز چاکر ڈومکی کے انتخاب کو چیلنج کیا گیا تھا۔ بار بار نوٹسز کے باوجود، سردار سرفراز خان ڈومکی ٹربیونل میں اپنا جواب جمع کرانے میں ناکام رہا، جس پر جج نے بھاری جرمانہ عائد کیا۔الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو سردارسرفرازخان ڈومکی کے لیے ایک اہم دھچکا سمجھا جا رہا ہے، جو انتخابی بے ضابطگیوں کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ٹربیونل کے اس اقدام سے توقع ہے کہ الزامات کی مکمل تحقیقات کی راہ ہموار ہوگی اور انتخابی عمل کے شفاف اور منصفانہ ہونے کو یقینی بنایا جائے گا۔ اگلی سماعت 25 اپریل 2024 کو مقرر کی گئی ہے۔ ٹربیونل نے سردار سرفرازخان ڈومکی کو ہدایت کی ہے کہ وہ اگلی سماعت کی تاریخ تک اپنا جواب جمع کرائے، ایسا نہ کرنے پر مزید کارروائی کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں