لکی مروت ، سیکورٹی فورسز اور پولیس کا آپریشن 36گھنٹوں بعد مکمل، 2مشتبہ افراد ہلاک، 3زخمی
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)لکی مروت میں سیکورٹی فورسز اور پولیس کا مشترکہ آپریشن 36 گھنٹوں بعد مکمل ہوگیا، آپریشن کے دوران دو مشتبہ افراد ہلاک ہوئے جبکہ تین کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔تفصیلات کے مطابق لکی مروت پولیس اور سیکورٹی فورسیز کا 10 مئی کی شب 08 بجے شروع ہونا والا آپریشن جوکہ لکی مروت ڈیرہ اسماعیل کے ساتھ منسلک سرحدی پہاڑی سلسلہ وانڈہ ظریف والا پہاڑ اور شیخ بدین کی پہاڑی سلسلہ میں مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر شروع ہوا تھا، 36 گھنٹوں تک جاری رہنے کے بعد مکمل ہوگیا ہے۔اس مشترکہ آپریشن کے دوران مشتبہ افراد نے پولیس اور سیکورٹی فورسیز پر خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی، پولیس اور سیکورٹی فورسیز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا جوکہ دو دن تک جاری رہا۔آپریشن میں دو مشتبہ افراد ہلاک ہوئے جبکہ تین مشتبہ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ ہلاک مشتبہ افراد ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، بم دھماکوں اور پولیس حملے میں بھی لکی مروت پولیس اور سی ٹی ڈی بنوں کو مطلوب تھے۔


