آئی ایم ایف کی شرائط پر اتفاق، بیرونی ادائیگیاں بروقت کرنے پر یقین دہانی
اسلام آباد (صباح نیوز) اسلام آباد میں نئے طویل اور بڑے قرض پروگرام اور بجٹ پر بحث کے لیے حکومت کی معاشی ٹیم اور عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف) ایف مشن کے درمیان وزارت خزانہ میں مذاکرات شروع ہوگئے ہیں جو تقریبا دو ہفتوں تک جاری رہیں گے۔آئی ایم ایف مشن اور وزارت خزانہ حکام کے درمیان تعارفی سیشن ہوا، پاکستان کی معاشی ٹیم کی قیادت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب جبکہ عالمی مالیاتی فنڈ کے وفد کی قیادت مشن چیف نیتھن پورٹر نے کی۔ اس موقع پر وزیرخزانہ محمداورنگزیب نے آئی ایم ایف مشن کو موجودہ معاشی صورتحال پر بریفنگ دی۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ قرض معاہدے سے ملکی معیشت میں بہتری آئی، پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ نیا قرض پروگرام سائن کرنے کیلئے تیار ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ قرض پروگرام میں رہ کر معیشت درست سمت گامزن ہے۔ آئی ایم ایف مشن نے ملکی معیشت کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق نئے قرض پروگرام اور بجٹ کیلئے آئی ایم ایف مشن اور وزارت خزانہ حکام میں اتفاق ہوا ہے، پاکستان میں غریب لوگوں کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ مشن چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے معیشت کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے مطمئن ہیں۔ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے مرکزی بینک سے قرض نہ لینے اور بیرونی ادائیگیاں بر وقت کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ۔


