بی ایس او کے زیر اہتمام ایچ ای سی کے خلاف اور پروفیسر نادرمشوانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے احتجاجی مظاہرہ
کوئٹہ:بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام ہائیرایجوکیشن کمیشن کے خلاف اورپروفیسر نادر مشوانی (مرحوم) کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ ز اٹھارکھے تھے جن پر ان کے مختلف نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی جنرل سیکرٹری منیر جالب بلوچ، سینئر جوائنٹ سیکرٹری شوکت بلوچ، بی ایس او پجار کے ملک زبیربلوچ، بلوچستان نیشنل پارٹی کی شمائلہ اسماعیل ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف کہا جاتا ہے کہ کورونا وائر سے بچاؤ کا واحد راستہ احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پر عمل درآمد کرکے ہی ممکن ہے تو دوسری جانب سے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کے بغیر ہی جامعات میں ٹریننگ منعقد کرایا گیا جس کے دوران سینئر پروفیسر نادر مشوانی کورونا مرض میں مبتلا ہوئے اور 20دن سے زائد تک کورونا مرض میں مبتلا ہونے کے بعد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ مقررین نے پروفیسر نادر مشوانی کو ان کی تعلیمی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رحلت سے پیدا ہونے والی خلاء مدتوں پر نہیں ہوسکتا ان کے تعلیمی میدان میں صوبے کے لئے خدمات کو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ مقررین نے کہا کہ ہائیرایجوکیشن کمیشن کی جانب سے صوبے میں آن لائن کلاس کی اجزاء کے باعث بلوچستان کے طلباء حصول تعلیم سے محروم ہورہے ہیں اکثر طلباء دور دراز علاقوں میں رہتے ہیں جہاں انٹرنیٹ کی سہولت تو کجا بجلی تک نہیں ایسے میں طلباء کے لئے آن لائن کلاسز لینا ناممکن ہے بلکہ مختلف ڈیپارٹمنٹس میں پریکٹیکل ورک ضروری ہے جس کے بغیر سمیسٹر مکمل نہیں ہوسکتا اور پریکٹیکل ورک آن لائن کلاسز کے ذریعے ممکن نہیں۔طلباء کو درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے کی طلباء تنظیمیں سراپا احتجاج ہیں مگر متعلقہ حکام کی کان پر جو تک نہیں رینگتی بلکہ پرامن احتجاج کرنے والے طلباء و طالبات کو نہ صرف گرفتار کیا جاتا ہے بلکہ ان پر لاٹھی چارج کرکے انہیں اپنے پرامن مطالبات سے دستبردار کرانے کی کوششیں کی جاتی ہیں تاہم طلباء اپنے مطالبات کے حل تک احتجاج جاری رکھیں گے۔


