داسو حملے میں جاں بحق چینی مزدوروں کے لواحقین کو 25 لاکھ 80 ہزار ڈالر دیے جائیں گے
اسلام آباد (انتخاب نیوز) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ حادثے کا شکار ہونے والے چینی مزدورں کے لواحقین کی امداد کیلئے 25 لاکھ 80 ہزار ڈالر کی رقم منظور کردی جو پاکستانی کرنسی کے حساب سے تقریباً 71 کروڑ 86 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔ وزیرخزانہ کی زیر صدارت سی ای سی اجلاس میں داسو حملے میں جاں بحق مقامی افراد کے لواحقین کی زرتلافی کیلئے 25 لاکھ روپے کے امدادی پیکج کی منظوری دی گئی جبکہ وزارت آبی وسائل کو ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کیلئے ستر ارب 48 کروڑ 40 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ فراہم کرنے کی منظوری سمیت اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں سوئی سدرن گیس کمپنی کو پاکستان اسٹیل ملز کے گیس کے بلز کی ادائیگی کیلئے دو ارب پندرہ کروڑ 95 لاکھ تیس ہزار روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ علاوہ ازیں ای سی سی کے اجلاس میں وزارتِ داخلہ کے لئے چھ کروڑ چالیس لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی دو سمریوں، نیشنل ہیلتھ، ریگولیشن اینڈ کوارڈینیشن کے ادارے فیڈرل ڈائریکٹریٹ آف ایمیونائزین کو بارہ ارب تین کروڑ اکسٹھ لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ فراہم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں پاور ڈویژن کیلئے دو ارب اکیس کروڑ ستر لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ فراہم کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے جبکہ نیو کلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کیلئے اٹھارہ کروڑ 45لاکھ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ وزارت آبی وسائل کو ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کیلئے ستر ارب 48کروڑ 40 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ فراہم کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔


