بلوچستان حکومت کا ای کامرس کے ذریعے خواتین کو معاشی طور پر خود مختار بنانے کا فیصلہ
کوئٹہ(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے ای کامرس کے ذریعے خواتین کو معاشی طور پر خود مختار بنانے کا فیصلہ کیا ہے پاکستان میں خواتین کے لئے کاروبار کرنے کے حالات اب بدل رہے ہیں اور حکومت کی جانب سے بھی اس ضمن میں کئی اصلاحات متعارف کرا کر اس میں آسانی لائی گئی ہیں جب کہ اس کے ساتھ معاشرے میں بالعموم اس بارے میں شعور میں اضافہ ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ای کامرس کی زیر تربیت گورنمنٹ گرلز کالج جناح ٹاؤن کی طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے تجارتی سرگرمیوں کوجدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی سطح پر اپنا مقام بنانے کے لئے جدید اور دور حاضر کے نت نئے طریقوں سے اپنے آپ کو لیس کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے ،ای کامرس خواتین اور کاروباری حضرات کے لیے آئیڈیل کاروبار ہے جس سے خواتین اپنی روایتی پردہ داری میں رہ کر روزگار کرسکتی ہیں انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کیلئے زندگی کے ہر شعبے میں خواتین کو بااختیار بنانا ضروری ہے ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت خواتین کی ترقی اور ان کے معاشی استحکام کا جامع وژن رکھتی ہے جس پر عمل درآمد سے آئندہ سالوں میں نمایاں بہتری نظر آئے گی۔


