کسی بھی ادارے کی ترقی کے لئے ٹیم ورک اور بہتر گورننس انتہائی ضروری ہے، وی سی بلوچستان یونیورسٹی
کوئٹہ: جامعہ بلوچستان کے فنانس اینڈ پلاننگ کا52واں اجلاس زیر صدارت جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرشفیق الرحمان منعقد ہوا۔ جس میں ڈین فیکلٹیز، صوبائی محکمہ فنانس کے نمائندگان،سینئر اساتذہ، جامعہ کے رجسٹرارولی الرحمان، ٹریژرارجیند خان جمالدینی اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں جامعہ کے مالی معاملات، مالی بجٹ سال20-21،تعلیمی سرگرمیوں، مستقبل کے منصوبوں، ملازمین کے فلاؤ بہبود کے پروگرامز، شعبہ جات کی کارکردگی سمیت مختلف معاملات کا جائزہ لیا گیا، بحث ومباحثہ ہوئے اور مختلف فیصلے کئے گئے۔اجلاس سے وائس چانسلر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے، ادارے کی ترقی، ملازمین کی فلاؤ بہبود اور حل طلب مسائل کو حل کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ اور مالی معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری اخراجات میں کمی اورجامعہ کی پیداواری صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کے منصوبے پر کار بند رہتے ہوئے مستقبل کے تعلیمی، تحقیقی اور ترقیاتی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ادارے کی ترقی کے لئے ٹیم ورک اور بہتر گورننس انتہائی ضروری ہے۔ جس کے تحت تمام معاملات اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے بہتر نتائج دے سکیں گے۔ اور جامعہ بلوچستان اسی اصولوں پر کار بند رہتے ہوئے جامعہ کے تمام ستون کو خود مختیار بنانے سمیت پالیسی ساز اداروں کے بروقت انعقادکو یقینی بناتے ہوئے جامعہ کی ترقی، ملازمین کی فلاؤ بہبود کے لئے اقدامات اور انفرا سٹریکچر کی بحالی کو جدید دور کے تقاضوں سے آراستہ کیا جارہا ہے۔