ایک نااہل سیاست دان کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے،احسن اقبال

نارووال(صباح نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ایک نااہل سیاست دان کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے، 2018کے بعد پاکستان کے ساتھ ناٹک کھیلا گیا ۔نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے 2011میں نوجوانوں کو لیپ ٹاپس دینے کا سلسلہ شروع کیا، لیپ ٹا پ دینے پر ایک سیاستدان نے ہمارا مذاق اڑایا، ہم نے تقریباً 10لاکھ لیپ ٹاپس نوجوانوں کو دیئے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد ای لانسرز بن گئی، نوجوانوں نے لیپ ٹاپس کے ذریعے آئی ٹی سکلز کو سیکھا، آج پوری دنیا میں پاکستان تیسرا بڑا ای لانسنگ کرنے والا ملک ہے، ہم نے لیپ ٹاپس دیتے ہوئے یہ نہیں سوچا کہ کون ہمارا ووٹر اور کون نہیں ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ لیپ ٹاپس میرٹ اور حق پر دیئے گئے، ہم ہمیشہ سے سوچ رکھتے ہیں ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ملک کے نوجوان ہیں، ہم نے نوجوانوں میں انتشار اور محاذ آرائی کے کلچرکو فروغ نہیں دیا، ہم نے نوجوانوں کو بہترین تربیت کے مواقع دیئے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے نارووال کو علم کی بستی بنانے کا مشن شروع کیا، یونیورسٹی آف نارووال میں 7 ہزار کے قریب طلبہ زیر تعلیم ہیں، ان میں 5 ہزار طالبات ہیں، یونیورسٹی آف نارووال خواتین کو بااختیاربنانے، سماجی اور معاشی ترقی کا ایک ماڈل ہے، ہم نے پورے ملک میں ہم نے یونیورسٹیوں کا جال پھیلایا۔انہوں نے کہا کہ 2018کے بعد پاکستان کے ساتھ ناٹک کھیلا گیا، ایک اناڑی کو دھاندلی کے ذریعے ملک کی چابیاں دی گئیں، نوازشریف کو نااہل کردیا گیا،پاکستان کی معیشت کا ستیاناس اور بیڑا غرق کردیا گیا، سی پیک جیسا منصوبہ ہم سے چھن گیا، انتقام کی آگ میں جلتے ہوئے مجھے بھی جیل میں ڈالا گیا۔احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی کی 4سال حکومت تھی، جوسیاہ سفید کے مالک تھے،جسے چاہتے تھے پکڑ کر اندر کردیتے تھے، ہم پر قرضوں کی ادائیگی 8ہزار ارب ہے، ہمیں قرضے ادا کرنے کیلئے 1ہزار ارب ادھار لینے کی ضرورت ہے، یہ ورثہ اڈیالہ جیل میں بیٹھا قرضے چھوڑ کر گیا ہے، اس کی سزا 24کروڑ عوام بھگت رہے ہیں، ایک بندا انا اور حسد کی آگ میں جلتا تھا،اس کو یہ مقصود نہیں تھا کہ ملک میں بڑے منصوبے لگیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں