امریکا نے فلسطین پر حملوں کو اسرائیل کا حق قرار دیدیا
واشنگٹن (این این آئی)امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے اسرائیل کے غزہ پر حملوں کو جائز قرار دیدیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق رفح کے پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملے پر امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ اسرائیل کو حماس کے خلاف کارروائیوں کا حق حاصل ہے ، بیان میں جان کربی کا کہنا تھا ہم سمجھتے ہیں کہ رفح حملے میں تنظیم کے دو سینئر ارکان مارے گئے، دونوں ارکان اسرائیلی شہریوں پر حملوں کے ذمہ دار تھے۔انہوں نے کہاکہ اسرائیل کو شہریوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن احتیاط کرنی چاہیے، اسرائیلی فوج سے رابطے میں ہیں، اسرائیل رفح حملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔دوسری جانب پیرس، نیویارک، بارسلونا، تیونس اور مانچسٹر سمیت دنیا کے مختلف شہروں میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے کیے گئے، مظاہرین نے عالمی برادری سے اسرائیل پر سخت پابندیوں کا بھی مطالبہ کردیا۔واضح رہے کہ گزشتہ رات اسرائیلی فوج کے رفح پناہ گزین کیمپ پر حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 75 سے زیادہ فلسطینی جاں بحق ہوگئے تھے۔


