اقلیتی برادری پر حملہ جھالاوان پر حملہ کی مترادف ہے،میر یونس عزیز زہری
خضدار:جمعیت علما اسلام کے مرکزی رہنما ایم پی اے خضدار میر یونس عزیز زہری، نے گزشتہ روز خضدار میں ہندو تاجر کی قتل پر احتجاج کرنے والے ہندو مظاہرین سے اظہار یک جہتی کرتے ہوئے اپنے مذمتی بیان کہا کہ وڈھ میں ہندو تاجر نانک چند پر دن دہاڑے فائرنگ اور قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ہندو تاجر کو قتل کرنا ہمارے اسلامی و بلوچی روایات کے خلاف ہے۔ اقلیتی برادری پر حملہ جھالاوان پر حملہ کی مترادف ہے۔ اقلیتی برادری کو نشانہ بنانا گہری سازش ہے، دہشت گردی کے ناسور کیخلاف پوری قوم متحد ہوں۔ دن دہاڑے ایک تاجر کو قتل کرکے ملزمان کا فرار ہونا وڈھ انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے ایسے واقعات میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرکے فوری سرعام سزا دیں۔انہوں نے کہاکہ سوال یہ ہے کہ کیا انتظامیہ کو یہ معلوم نہیں کہ حالات کو خراب کون کررہاہے چوری ڈکیتیوں میں کون ملوث ہے اورتاجروں سے بھتہ کون لیتا ہے بھتہ نہ دینے کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکیاں کون دیتا ہے اور قاتل کون ہیلہذا انصاف کی فراہمی تک ہم اقلیتی برادری کے ساتھ ہیں۔ خضدار کوپہلے کی طرح کسی صورت بدامنی کی لپیٹ میں لانے کی ہر کوشش کو ناکام بنائینگے ہندو تاجر کی قتل میں جولوگ ملوث ہیں انہیں فوری طورگرفتارکرکے بدامنی پھیلانے اوریہاں کے حالات کوخراب کرنے والوں کو بے نقاب کیا جائے۔ہم ہندو پنچائیت کے ہر دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔