اسمبلی کی نشستوں میں اضافے سے بلوچستان عوامی نمائندگی میں اضافہ ہوگا، سردار یار محمد رند
کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی پارلیمانی لیڈر و صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے سینیٹ سے بلوچستان اسمبلی کی نشستیں بڑھانے کے بل کی منظور ی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان اسمبلی کی نشستوں میں اضافے سے بلوچستان کے اجتماعی مسائل کے حل اور عوامی نمائندگی میں اضافہ ہوگا، یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، سردار یا رمحمد رند نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے صوبائی اسمبلی کے اس وقت 51حلقے ہیں جو کہ صوبے کی جغرافیا کو مدنظر رکھتے ہوئے ناکافی ہیں ایسی صورتحال میں بلوچستان کے بہت سے علاقوں کے ترقیاتی مسائل بھی حل نہیں ہو پاتے اور ان علاقوں کے عوام کو ایوان میں نمائندگی نہیں ملتی لیکن سینیٹ سے بلوچستان اسمبلی کی نشستوں کو 65سے بڑھا کر 80کرنے کے قانون کی منظور ی کے بعد صوبائی اسمبلی میں بلوچستان کی عوام کو اب مزید بہتر نمائندگی ملے گی جس کا مکمل کریڈیٹ وزیراعظم عمران خان اور انکی حکومت کو جاتاہے کہ جنہوں نے بلوچستان کے عوام سے کئے گئے ایک اور وعدے کو پورا کیا، انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کی نشستیں بڑھانے سے صوبے کے ترقیاتی عمل میں مزید بہتر ی اور تیزی آئی گی اور انشا ء اللہ و ہ دن دور نہیں جب بلوچستان ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا