بلوچستان کی صوبائی وقومی نشستوں میں اضافہ ہمارا دیرینہ مطالبہ رہا ہے،مولاناواسع

کوئٹہ:جمعیت علما ء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر رکن قومی اسمبلی مولانا عبد الواسع نے کہا ہے کہ بلوچستان کی صوبائی وقومی نشستوں میں اضافہ ہمارا دیرینہ مطالبہ رہا ہے صوبے کے حقوق کو حقیقی طور پر عوام میں منتقلی کیلئے ضروری ہے کہ صاف شفاف انتخابی نظام ہو اور عوامی حلقوں کے فنڈز کی منصفانہ تقسیم ہو انہوں نے کہا جمعیت علما اسلام تمام امور اور حالات کا جائزہ لے رہی ہے اور موجودہ حالات کے پیش نظر تمام ماتحت تنظیمیں محدود انداز میں سرگرم عمل ہیں انہوں نے کہا کہ اب مزید لفاظی کا وقت گزر چکا ہے عوام ہر حوالے سے مایوس ہوچکے ہیں صوبائی امیر نے بلوچستان کے عوام کے مسائل پر گہرے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ان تمام مسائل کی بنیاد موجودہ کٹھ پتلی حکومت اور وزیراعلیٰ ہیں یہ مسائل حل کرنا تو دور کی بات ہے ان کا موقف کسی بھی سطح پر پیش کرنے کی ہمت نہیں ہے بارڈر کی بندش سے معاشی بحران پیدا ہوا لوڈ شیڈنگ اور بجلی کی آنکھ مچولی سے زراعت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ گیا کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں حکومت کی نااہلی اور سستی کی مثال نہیں رہی لاک ڈان کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال غریب اور مزدور طبقہ بہت متاثر ہوا ان کی بحالی کیلئے حکومت زبانی دعووں کے سوا کچھ نہ کرسکی اسی طرح نجی تعلیمی اداروں کو کوئی ریلیف دینے میں ناکام رہی جس کی وجہ سے ہزاروں اساتذہ بے روزگار ہوکر نان شبینہ کے محتاج ہوچکے ہیں عوام دشمنی اور صوبے کے ساتھ ناانصافی کی رہی سہی کسر ظالمانہ اور یکطرفہ بجٹ نے پوری کی کہ جس میں من پسند اور غیر منتخب افراد کو نوازا گیا اور صوبے کے حقیقی مسائل پس منظر میں چلے گئے انہوں نے کہا ملک کی اسلامی تشخص اور بقا کے لئے ہماری قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں