سلیکٹڈ حکومت عوام پر بوجھ بن چکی ہے،علی مدد جتک

اوستہ محمد: پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر علی مدد جتک نے کہا ہے کہ عید کے بعد پی پی میں اہم شخصیت شمولیت اختیار کریں گے، جیالوں اور ساتھیوں کی جدوجہد کے نتیجے میں پی پی بلوچستان بھر میں فعال ہوچکی ہے، لاکھوں روپے تنخواہ دینے کے دعویدار آج ملازمین کو بے روزگار کرنے پر تلے ہوئے ہیں،موجودہ حکومت کی نااہلی اور غلط پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت کو نقصان پہنچا ہے، مہنگائی میں بے تحاشا اضافہ سے غریب دو وقت کی روٹی کو عاجز آچکے ہیں، سلیکٹڈ حکومت عوام پر بوجھ بن چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان پیپلزپارٹی نصیرآباد ڈویژن کے سابق صدر حاجی نیاز عمرانی سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علی مدد جتک نے کہا کہ لاکھوں روپے تنخواہیں دینے کے دعویدار آج ملازمین کو بے روزگار کرنے پر تلے ہوئے ہیں غریب ملازمین کو سہولیات فراہم کرنے کی بجائے انہیں بے روزگار کیا جارہا ہے۔ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی بجائے حکمران اپنے تنخواہوں کا اضافہ کرنے لگے،مہنگائی میں بے تحاشا اضافہ کے باعث غریب عوام کا جینا محال ہوگیا ہے پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنے دور اقتدار میں غریب اور نادار خواتین کی مالی معاونت کے لئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا بنیاد رکھا تاکہ انہیں کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانا پڑے مگر آج غربت اور مہنگائی کے باعث غریب عوام دو وقت کی روٹی کو عاجز آچکے ہیں۔آئے روز چینی،آٹے، پٹرولیم مصنوعات کے علاوہ تمام اشیائے خوردنوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے یہ سلیکٹڈ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے بلکہ یہ اب عوام پر بوجھ ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی بہترین پالیسیوں اور عوامی خدمت کی وجہ سے آج عوام کی دلوں کی دھڑکن بن چکی ہے۔ جیالوں اور ساتھیوں کی جدوجہد کی بدولت آج پیپلزپارٹی بلوچستان بھر میں فعال ہوچکی ہے، ہماری پارٹی میں کارکن ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں انہی کی جدوجہد کی بدولت عید کے بعد کئی اہم شخصیت پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں