جیوانی میں اربوں روپے مالیت کی منشیات برآمد ،خاران سے مطلوب ملزم گرفتار
کوئٹہ(یو این اے )پاکستان کوسٹ گارڈز نے جیوانی میں ایک کارروائی کرتے ہوئے اربوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔ترجمان کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع کی بنیاد پر گوادر(بلوچستان) کے علاقے جنرل ایریا کلڈان جیوانی میں کارروائی کی گئی ، اس دوران سنگل کیبن گاڑی سے 1176کلوگرام اعلی کو الٹی کی چرس برآمد کر لی۔برآمد ہونے والی چرس کی مالیت بین الاقوامی مارکیٹ میں 19.62 ملین ڈالرہے جو پاکستانی کرنسی میں اربوں روپے بنتی ہے۔ کوسٹ گارڈز نے گاڑی اور منشیا ت قبضے میںلے کر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ترجمان کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز ہر قسم کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کر تی رہے گی۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر منیر احمد سومرو کے خصوصی احکامات پر لیویز فورس خاران کا ایک ہفتے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف تیسری بڑی کاروائی کرتے ہوئے اشتہاری ملزم گرفتار کرلیا اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر خاران کی جانب سے ضلع خاران میں امن و امان کی بہتری ، اشتہاری ملزمان کی گرفتاری اور جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے سخت احکامات پر رسالدار میجرحاجی خدابخش ساسولی کی زیر سربرائی اور ایس ایچ او پتکن نائب رسالدار ظفر اللہ بادینی کی زیر نگرانی انچارج شہید عمر شاہ لیویز چیک پوسٹ البت صفی اللہ نے لیویز جوانوں کے ہمراہ دوران گشت ، سنیپ چیکنگ مقدمہ نمبر 9/2018 بجرم زیر دفعہ 337A ، 447، 427 ،148، 147 ت پ کے تحت مطلوب اشتہاری ملزم علی احمد کو گرفتار کرلیا۔ایس ایچ او پتکن نے اشتہاری ملزم کو حوالات میں منتقل کرکے حسب ضابطہ کاروائی شروع کردیا۔


