کنٹانی میں صرف گوادر سے تعلق رکھنے والے افراد کاروبار کرسکیں گے
گوادر(انتخاب نیوز) کنٹانی میں کاروبار صرف ضلع گوادر سے تعلق رکھنے والے افراد کر سکیں گے نوٹیفکیشن جاری۔ اسسٹنٹ کمشنر گوادر کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین نوٹیفکیشن کے مطابق کنٹانی ھور میں اب صرف ضلع گوادر سے تعلق رکھنے والے مقامی افراد ہی کاروبار کر سکیں گے۔ اس فیصلے کے تحت دیگر اضلاع کے افراد، بشمول ضلع کیچ، پنجگور اور بلوچستان کے دیگر علاقوں کے لوگوں کو کنٹانی ھور میں کاروبار کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ کنٹانی ھور مکران سمیت بلوچستان بھر کے غریب لوگوں کے لیے کاروبار کا ایک اہم ذریعہ تھا۔ تاہم، آج کے احتجاج اور دھرنوں کے بعد، کنٹانی ھور میں کاروبار کو صرف ضلع گوادر تک محدود کر دیا گیا ہے۔ اس نئے اقدام کے تحت ضلع گوادر سے باہر کے افراد کنٹانی ھور میں کاروبار نہیں کر سکیں گے۔ ضلع کیچ اور پنجگور کے تیل کے کاروبار سے منسلک گاڑی اور ڈپو مالکان نے اس نوٹیفکیشن پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر صرف ضلع گوادر والے ہی کام کریں گے تو انہیں اپنے پیٹرولیم مصنوعات بھی ضلع گوادر میں ہی فروخت کرنی چاہییں۔ اس نوٹیفکیشن کے بعد گوادر میں کاروباری حالات میں نمایاں تبدیلی کی توقع ہے جبکہ دیگر اضلاع کے کاروباری افراد کے لیے مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ اس صورتحال میں حکومت کی جانب سے کوئی مزید وضاحت یا اقدامات سامنے آئیں گے یا نہیں، یہ آنے والے وقت میں ہی معلوم ہوگا۔


