وزیراعظم کی چینی صدر سے ملاقات، سی پیک کی اپ گریڈیشن پر اتفاق

بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی جس میں دونوں اطراف نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی اپ گریڈیشن پراتفاق کرلیا۔ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں وزیراعظم شہبازشریف نے چینی صدر شی جن پنگ سے طویل ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے وزرا اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے چین میں پرتپاک استقبال پرصدر شی جن پنگ کا شکریہ ادا کیا اور 2015 میں صدرشی جن پنگ کے پاکستان کے دورے کویاد کیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماﺅں نے دونوں ممالک کے درمیان موجود پائیدار شراکت داری کی توثیق کی اور سیاسی، سیکورٹی، اقتصادی اور تجارتی تعلقات بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں علاقائی اورعالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ افغانستان، فلسطین اورجنوبی ایشیا بشمول مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔ فریقین نے ایک دوسرے کے بنیادی دلچسپی کے امور پر اپنی دیرینہ حمایت کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سی پیک نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا، پاکستان میں چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا سماجی واقتصادی ترقی کا ایجنڈا چین کے مشترکہ خوشحالی کے تصور پر مبنی ہے۔ دونوں رہنماﺅں نے سی پیک کی اپ گریڈیشن اور دوسرے مرحلے میں ترقیاتی منصوبے آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں