قلات سے تعمیراتی کمپنی کے اغوا 5 مزدوروں کو بازیاب کروا لیا گیا
قلات (نمائندہ انتخاب) ڈپٹی کمشنر قلات فلائٹ لیفٹیننٹ ریٹائرڈ بلال شبیر کی سربراہی میں لیویز فورس کے انٹیلی جنس یونٹ کی بڑی کارروائی، گزشتہ دنوں تعمیراتی کمپنی کے اغوا ہونے والے پانچ مزدور بحفاظت بازیاب کرا لئے گئے، تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں بلوچستان کے ضلع قلات کے دیہی علاقہ امیری کے مقام میں تعمیراتی کمپنی کے پانچ مزدوروں کو نا معلوم مسلح افراد نے اغوا کر لیا تھا ڈپٹی کمشنر قلات بلال شبیر کے سربراہی میں اسسٹنٹ کمشنر قلات نثار احمد لانگو کے زیر نگرانی ایس ایچ او لیویز جان محمد لانگو نے لیویز فورس کے انٹیلی جنس ونگ کی کوششوں سے لیویز فورس قلات نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے تعمیراتی کمپنی کے اغوا ہونے والے پانچوں مزدوروں کو باحفاظت بازیاب کیا۔ واضح رہے کہ اغوا کاروں نے تعمیراتی کمپنی سے 4 کروڑ تاوان کا مطالبہ کیا گیا تھا تاہم ضلعی انتظامیہ کے مطابق لیویز فورس کی کاوشوں کے نتیجے میں کسی قسم کا کوئی تاوان ادا کئے بغیر مغویوں کو بازیاب کروا لیا گیا۔ مزدوروں کی بازیابی میں علاقے کے معززین اور تمام لوگوں نے لیویز فورس اور ضلعی انتظامیہ سے بھرپور تعاون شامل رہا جس پر ڈپٹی کمشنر بلال شبیر نے علاقے کے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں لوگوں کا تعاون قابل تحسین ہے۔


