صوبائی نشستوں میں اضافہ سیاسی جماعتوں کی مشترکہ جدوجہد کانتیجہ ہے،کبیر محمدشہی
کوئٹہ:نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر سینیٹر میر کبیر احمدمحمدشہی نے سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کی جانب سے تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ اداکیاہے جنہوں نے بلوچستان صوبائی اسمبلی کی نشستوں میں اضافے کے بل کو متفقہ طورپر منظور کرایا انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش تھی کہ قومی اسمبلی میں بلوچستان کی نشستوں میں اضافہ کیاجاتا تاکہ صوبے کی وفاق میں موثر نمائندگی ہوتی تاہم صوبائی نشستوں میں اضافہ بھی نیشنل پارٹی ودیگر سیاسی جماعتوں کی مشترکہ جدوجہد کانتیجہ ہے اس حوالے سے میں چیئرمین سینیٹ کا مشکور ہوں جنہوں نے اس بل میں خصوصی دلچسپی لی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین جاوید عباسی کا شکریہ اداکرتاہوں جنہوں نے کمیٹی کے ہمراہ بلوچستان کا دورہ کرکے عوامی شنوائی کے دوران چھ گھنٹے تک لوگوں کوسنا میر کبیر نے کہاکہ یہ ہمارا دیرینہ مطالبہ تھا کہ قومی اورصوبائی اسمبلی کی نشستیں بڑھائی جائیں بلوچستان کی آبادی اگرچہ بہت کم ہے مگر رقبہ بہت زیادہ ہے قومی اسمبلی کا ایک حلقہ صوبہ خیبرپختونخوا کے برابر ہے وہاں ترقی کس طرح ممکن ہے بل میں ہماری تجویز تھی کہ قومی اسمبلی کی نشستیں بھی بڑھائی جائیں جس میں ہمیں کامیابی نہیں مل سکی تاہم بلوچستان کی نشستو ں میں اضافہ بھی تاریخی اقدام ہے جس پر میں تمام ایوان کامشکور ہوں۔