اسحاق ڈار کی اردن میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس سے ملاقات

عمان(صباح نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے اردن میں منعقد ہونے والی غزہ کے لیے فوری انسانی ردعمل کے موضوع پر اعلی سطحی کانفرنس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس سے ملاقات کی۔ منگل کو دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے اردن اور مصر کے ساتھ مشترکہ طور پر کانفرنس کے انعقاد کے اقدام کو ایسے وقت میں سراہا جب فلسطین کے عوام کو بین الاقوامی حمایت اور فوری انسانی امداد کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرنے میں سیکرٹری جنرل کی قیادت اور فعال کردار کو بھی سراہا۔ نائب وزیراعظم نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی جانب سے طاقت کے اندھا دھند اور وحشیانہ استعمال کی پاکستان کی شدید اور واضح مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے اسرائیل کی طرف سے کیے جانے والے جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کا احتساب کرنے، فوری اور غیر مشروط جنگ بندی، غزہ کے محصور لوگوں کو بلا روک ٹوک انسانی امداد پہنچانے اور بے گھر فلسطینیوں کی واپسی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر بھی زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کے منصفانہ حل کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں،اس سے قبل نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار غزہ کے لیے فوری انسانی امداد کے حوالے سے اعلی سطحی کانفرنس میں شرکت کے لیے اردن کے دارالحکومت عمان پہنچ گئے۔ دفتر خارجہ کے مطابق ہوائی اڈے پر اردن کے وزارت عظمی کے امور کے بارے میں وزیر ابراہیم الجازی، عمان کے گورنر یاسر العدوان اور عمان کے میئر الشواربہ نے نائب وزیر اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا استقبال کیا۔کانفرنس کی میزبانی اردن، مصر اور اقوام متحدہ نے مشترکہ طور پر کی ہے۔ کانفرنس کے دوران نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار غزہ میں اسرائیل کے سنگین جرائم کے پس منظر میں فلسطین کے عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کریں گے

اپنا تبصرہ بھیجیں