سماج کی فلاح و بہبود میں مصروف کرداروں کی گمشدگی حیران کن ہے۔
بلوچ یکجتی کمیٹی کراچی
بلوچ یکجتی کمیٹی کراچی کے ذمہ داران نے مذمتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا اوست ویلفئیر آرگنائزیشن کے چئیرمین محمد جان دشتی،سابقہ ذمہ دار ملا لیاقت ولی کی کراچی سے گمشدگی ایک معمہ ہے۔ اوست ویلفیئر آرگنائزیشن ایک فلاحی و سماجی ادارہ ہے جو مخیر افراد سے چندہ کرکے غریب و نادار لوگوں کا بلا معاوضہ علاج کرتا ہے۔
بلوچستان بنیادی سہولیات سے محروم صوبہ ہے۔جہاں بنیادی ضروریات زندگی سے محرومی کی وجہ سے عوام کئی مسائل کا شکار ہے جن میں سرفہرست صحت کا مسئلہ ہے۔صوبے کیسرکاری اسپتالوں میں سہولیات کا فقدان ہے جس کی وجہ سے عوام کی کثیر تعداد شہروں کا رخ کرتی ہے خاص کر کراچی جیسے بین الاقوامی شہر میں جہاں صحت کی سہولیات میسر ہے۔
ذمہ داران نے مزید کہا کہ کراچی کے پرائیوٹ اسپتال میں مہنگے داموں علاج معالجے کی سکت نہ رکھنے والے عوام کے لئے اوست ویلفئیر آرگنائزیشن ایک مسیحا کا کردار ادا کررہا ہے۔
اوست ویلفئیر آرگنائزیشن نے کثیر تعداد میں مخیر حضرات کے تعاون سے غریب اور لاچار لوگوں کا مفت علاج کرنے کے لئے مدد فراہم کی ہے اور اب بھی کئی مریض ادارے کی جدوجہد کے بدولت کراچی کے اسپتالوں میں زیر علاج ہے۔
صحت مند سماج کا خواب لئے اوست ویلفئیر آرگنائزیشن کے ذمہ داران کی گمشدگی حیران کن ہے جس کی وجہ سے ایک خوف،سراسیمگی کے ماحول کا جنم ہوا ہے۔
بلوچ یکجتی کمیٹی کراچی کے ذمہ داران نے اپنے بیان میں وفاقی حکومت،سندھ حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ چئیرمین محمد جان دشتی، ملا لیاقت ولی،اور جنرل سیکرٹری عبدالقیوم وفا کی پر اسرار گمشدگی کے معاملے میں ملوث کرداروں کو سامنے لایا جائے اور انہیں جلد سے جلد بازیاب کرانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔
بلوچ یکجتی کمیٹی کراچی اوست ویلفئیر آرگنائزیشن کی گمشدگی کے خلاف آج ہونے والے سوشل میڈیا کمپئین کو منسوخ کرتی ہے اور کمپئین بروز جمعرات منعقد کی جائیگی جس میں تمام سوشل میڈیا ایکٹیوسٹوں سے حصہ لینے کی اپیل کرتی ہے۔