سلیم مانڈی والا سینیٹ خزانہ کمیٹی کے چیئرمین منتخب، پی ٹی آئی کا شدید اعتراض
اسلام آباد(آن لائن) سینیٹر سلیم مانڈوی والا کو سینیٹ خزانہ کمیٹی کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا ،پی ٹی آئی کا چیئرمین کمیٹی کے انتخاب پر شدید اعتراض ،کمیٹی ووٹنگ کا بائیکاٹ کر دیا ،سینیٹر شبلی فراز کہتے ہیں کہ خزانہ اور منصوبہ بندی کمیٹیوں کی چیرمین شپ اپوزیشن کا حق ہوتا ہے۔ پیپلز پارٹی ڈبل گیم کھیل رہی ہے۔منگل کے روز سینٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس سیکرٹری سینٹ کی زیر صدارت منعقد ہوا اس موقع پر سیکرٹری سینٹ نے کہاکہ ہمارے پاس چیئرمین شپ کی نامزدگی کیلئے ایک ہی درخواست آئی ہے اور سینیٹرشیری رحمان نے سینٹر سلیم مانڈوی والا کو نامزد کیا ہے اس موقع پر اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے سیکرٹری سینیٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ یہ اجلاس آپ نے کب بلایا ہے جس پر سیکرٹری سینیٹ نے کہاکہ کل دن کو بلایا گیا اور تمام ممبران کو اطلاع دی گئی جس پر سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ مجھے تو کسی نے اطلاع نہیں دی۔ اس موقع پر سینیٹر محسن عزیز نے کہاکہ ہمیشہ سے کمیٹیوںکا معاملہ حکومت اور اپوزیشن مل کر حل کرتے ہیںاور کمیٹی کے چیئرمین کا معاملہ باہمی رضا مندی سے طے کیا جاتا ہے مگر اس طرح کا طریقہ کار کیوں اختیار کیا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہمیشہ سے سینٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ اور قانون کا چیئرمین اپوزیشن سے لیا جاتا ہے اس موقع پر پی ٹی آئی نے سینیٹ خزانہ کمیٹی میں ووٹنگ کا بائیکاٹ کردیا۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ سینیٹ میں خزانہ کمیٹی اپوزیشن کے پاس رہی ہے اور پہلی مرتبہ خزانہ کمیٹی میں ووٹنگ ہورہی ہے۔


